بدھ، 20 اگست، 2025

ٹیٹرا پیک اور بھلے شاہ پیکجنگ کا اشتراک، استعمال شدہ کارٹن کی ری سائیکلنگ کو فروغ دینے کا فیصلہ

لاہور، ٹیٹرا پیک پاکستان لمیٹڈ اور بھلے شاہ پیکجنگ پرائیویٹ لمیٹڈ نے ملک میں استعمال شدہ مشروبات کے کارٹن کے ری سائیکلنگ کے عمل کو بہتر بنا کر تجارتی طور پر قابل عمل  بنانے کے حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔  

اس اشتراک کے تحت بھلے شاہ پیکجنگ اپنے موجودہ کلیکشن سنٹرزکے ذریعے استعمال شدہ کارٹن کو جمع کرنے کا نیٹ ورک بڑھانے کے ساتھ ساتھ نئے شراکت داروں کو بھی اس نظام کا حصہ بنائے گااور ڈیجیٹل ٹولز کی مدد سے اس نظام کو مزید مضبوط بنائے گا۔

معاہدے کا مقصد استعمال شدہ کارٹن کی زیادہ سے زیادہ کلیکشن، ٹرانسپورٹیشن اور ری سائیکلنگ کی سہولت کو بڑھانا ہے۔ اس کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اور کباڑیوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور کارکردگی میں بہتری لائی جا سکے۔ مزید یہ کہ ٹیٹرا پیک کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے اصل وقت میں رپورٹنگ کی جائے گی، جس سے کارٹنز کو عام کچرے کے بجائے ایک قیمتی اور ٹریک ہونے والا اثاثہ بنایا جا سکے گا۔



تقریب میں ٹیٹرا پیک پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر اویس بن نسیم نے کہا:
''یہ معاہدہ پاکستان میں سرکلر اکانومی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔ اس کے ذریعے ہم ری سائیکلنگ کے عمل کو ملک بھر میں بڑھائیں گے، درآمدی فائبر پر انحصار کم کریں گے اور ماحول کے ساتھ ساتھ کچرے کی ترسیل سے جڑے افراد کے لیے بھی مواقع پیدا کریں گے۔''

بھلے شاہ پیکجنگ کے سی ای او ناصر زمان نے کہا:
''ہم اس اہم اقدام میں ٹیٹرا پیک کے ساتھ شراکت داری کر کے خوش ہیں۔ استعمال شدہ کارٹن سے فائبر حاصل کر کے ہم مقامی طور پر ماحول دوست پیکجنگ تیار کر سکیں گے جس سے درآمدی خام مال پر انحصار کم ہوگا اور کچرا جمع کرنے والوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔''

اس منصوبے کے تحت بھلے شاہ پیکجنگ استعمال شدہ کارٹن سے فائبر نکال کر کاغذ پر مبنی پیکجنگ پروڈکٹس تیار کرے گی جیسے لائنر، فلٹنگ اور کرافٹ۔ اس طرح پرانے درآمدی کارٹن فائبر پر انحصار کم ہو گا۔یہ اقدام ماحول کے تحفظ، وسائل کے بہتر استعمال اور کمیونٹی کے لیے مثبت اثرات کی طرف ٹیٹرا پیک اور بھلے شاہ پیکجنگ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
Write تبصرے

مشہور اشاعتیں

گوگل اشتہار

تازہ ترین خبریں