اسلام آباد : ملک کی سب سے بڑی ٹیلی کام و ڈیجیٹل سروسز کمپنی، پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے 30 ستمبر 2025 کو اختتام پذیر ہونے والی نوماہی کے مالی نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ یہ اعلان اسلام آباد میں منعقدہ ادارے کےبورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا۔ پی ٹی سی ایل گروپ نے اپنی آمدن 15 فیصد اضافہ کرکے پاکستان کے سب سے بڑے مربوط ٹیلی کام سروسز فراہم کنندہ کے طور پر اپنی حیثیت مزید مستحکم کی ہے۔

مالیاتی نتائج کے اہم نکات:
• پی ٹی سی ایل گروپ (پی ٹی سی ایل، یوفون4G، یو بینک) کی آمدن میں گزشتہ سال کی اس سہ ماہی کے مقابلے میں 15 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بنیادی وجہ فکسڈ براڈبینڈ، موبائل ڈیٹا، انٹرپرائز، اور کیریئر وہول سیل سروسز کی مضبوط کارکردگی تھی۔
• پی ٹی سی ایل کی آمدن میں سال بہ سال13 فیصد اضافہ ہوا، جس کیلئے فلیش فائبر میں 56 فیصد اور بزنس سلوشنز کے شعبے میں 17 فیصد نمو نے بنیاد فراہم کی۔
• کیریئر اور ہول سیل کاروبار نے 24 فیصد اضافے کے ساتھ اپنی ترقی کی رفتار برقرار رکھی، جبکہ بین الاقوامی کاروبار کے شعبے نے بھی سال بہ سال6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔
• مالی سال 2024 کے آغاز سے اب تک کی مد ت کے دوران پی ٹی سی ایل کا آپریٹنگ منافع 57 فیصد اضافے کے ساتھ 12.9ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، تاہم سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے تحت تقریباً 5.9 ارب روپے کی ایک بار کی اضافی پنشن کی بُکنگ کے باعث کمپنی کو 1.2 ارب روپے کا خالص نقصان اٹھانا پڑا۔
• یوفون4G نے آمدن میں سال بہ سال 15 فیصد اضافہ کرکے تجارتی اور آپریشنل کارکردگی میں استحکام کا مظاہرہ کیا۔
• آمدن میں مسلسل اضافہ اور لاگت میں کمی کی حکمتِ عملی کے نتیجے میں یوفون نے مالی سال 2024 کے 1.6 ارب روپے کے مقابلے میں 11.9 ارب روپے کا مضبوط ای بی آئی ٹی حاصل کیا۔
• یو مائیکروفنانس بینک (یو بینک) نے گزشتہ سال کی تیسری سہ ماہی کے مقابلے میں اپنی آمدن میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔
پی ٹی سی ایل گروپ کی نمایاں پیش رفت:
پی ٹی سی ایل کو مسابقتی کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان کے مجوزہ حصول کے لیے فیز II کی منظوری مل گئی، جو ملک کے ٹیلی کام سیکٹر میں ترقی و استحکام کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ اس پیش رفت نے پی ٹی سی ایل گروپ کی مارکیٹ پوزیشن مزید مضبوط کی ہے اور ملک میں ڈیجیٹل رسائی کے فروغ اور حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے حصول میں ادارے کا کردار بڑھا دیا ہے۔
پی ٹی سی ایل فلیش فائبر نے 30 فیصد سالانہ اضافہ کے ساتھ سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے فائبر براڈبینڈ آپریٹر کے طور پر مارکیٹ میں اپنی قائدانہ حیثیت برقرار رکھی، جبکہ صارفین کی تعداد کے لحاظ سے 35 فیصد مارکیٹ حصص کے ساتھ سب سے بڑی فائبر کمپنی رہی۔ کمپنی نے ''تیز رفتار'' آفر بھی متعارف کرائی، جس کے ذریعے صارفین کو رعایتی نرخوں پر تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کیا گیا۔
پی ٹی سی ایل کے بزنس سروسز شعبے نے آئی پی بینڈوڈتھ، کلاؤڈ، ڈیٹا سینٹر، اور آئی سی ٹی سلوشنز کے شعبوں میں اپنی قیادت برقرار رکھی، جس سے ایک علاقائی کنیکٹیویٹی مرکز کے طور پر پاکستان کی حیثیت مزید مستحکم ہوئی۔
سال2025 کی تیسری سہ ماہی میں پی ٹی سی ایل نے چین کے آپریٹرز کے ساتھ ایک تاریخی ٹرانس-پاکستان کنیکٹیویٹی معاہدہ کیا، جس سے مشرق و مغرب کے درمیان ڈیجیٹل تجارتی راستے مضبوط ہوئے۔ مزید برآں، کمپنی نے سنگاپور سے ماسے(فرانس) تک سب میرین کیبل پارٹنرشپ کے ذریعے ویٹ (wet) سیگمنٹ کیپیسٹی سیلز کا سنگ میل بھی حاصل کیا، جو پاکستان کے عالمی ڈیجیٹل نظام میں بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔
انٹرپرائز بزنس نے فِن ٹیک جیسے نئے شعبوں تک توسیع کی اور نمایاں کامیابیاں سمیٹیں۔ ٹریکر اور آئی او ٹی سلوشنز کی مانگ بڑھی، جبکہ سرکاری اداروں کے ساتھ ایم ٹو ایم معاہدے بھی طے پائے۔
ہول سیل سیگمنٹ میں آئی پی بینڈوڈتھ اور مینیجڈ کیپیسٹی کی مضبوط ترقی دیکھنے کو ملی، جس سے کنٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورکس جیسی نئی ڈیجیٹل سروسز کو فروغ ملا۔ ملک بھر میں بالخصوص آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بڑی موبائل کمپنیوں کے ساتھ آئی پی بینڈوڈتھ اور سیٹلائٹ خدمات پر مبنی کنیکٹیویٹی کے معاہدے بھی طے پائے۔ ان میں ایک معروف سیٹلائٹ کمپنی کے ساتھ تاریخی معاہدہ بھی شامل ہے، جس کا مقصد پورے ملک میں براڈبینڈ رسائی کو وسعت دینا ہے۔
پی ٹی سی ایل نے پاکستان کی پہلی5G ریڈی اسمارٹ رہائشی کمیونٹی متعارف کرائی، جو جدید طرزِ زندگی اور تیز رفتار کنیکٹیویٹی کا امتزاج ہے اور رہائشیوں کو مستقبل کے ڈیجیٹل لائف اسٹائل تک رسائی دیتی ہے۔ یہ سنگِ میل عالمی ٹیکنالوجیز کو مقامی سطح پر اپنا کر صارفین کو جدید اور انقلابی تجربات فراہم کرنے اور''ڈیجیٹل پاکستان''وژن کو آگے بڑھانے کی پی ٹی سی ایل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے ۔ مزید برآں، پی ٹی سی ایل نے آئی سی ٹی اور بنیادی سروسز کے شعبوں میں نمایاں مالیاتی اداروں اور سرکاری محکموں کے ساتھ اہم منصوبے بھی حاصل کیے۔
جدت اور اختراع کے فروغ کے اپنے عزم کے تحت پی ٹی سی ایل نے انڈسٹری میں پہلی بار واٹس ایپ کے ذریعے خودکار بل ڈیلیوری سروس متعارف کرائی، جس کے تحت صارفین اپنے ماہانہ بل براہِ راست اور سہولت کے ساتھ وصول کر سکتے ہیں۔
کمپنی نے پاکستان میں ایپل کے مجاز ڈسٹری بیوٹر مرکنٹائل کے ساتھ شراکت قائم کی، تاکہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں آئی فون 17 سیریز کو یوفون اور پی ٹی سی ایل فلیش فائبر سروسز کے خصوصی پیکجز کے ساتھ متعارف کرایا جا سکے۔ اس شراکت کے تحت صارفین کو آفیشل وارنٹی کے حامل ڈیوائسز فراہم کیے جا رہے ہیں، جن میں صارفین کو اعلیٰ معیار کی کنیکٹیویٹی اور جدید ڈیجیٹل تجربہ مہیا کرنے کیلئے توسیع شدہ وارنٹی، فوری انشورنس کوریج، اور بنڈل ٹیلی کام فوائد شامل کیے گئے ہیں ، جو پی ٹی سی ایل گروپ کے جدید اور قابلِ اعتماد خدمات فراہم کرنے کے عزم کے عین مطابق ہے۔
یوفون نے اپنے4G صارفین کی تعداد میں 5.9 پرسنٹیج پوائٹس کا اضافہ کرکے ستمبر 2025 تک اسے 69.2 فیصد تک پہنچا دیا اور اپنی ترقی کی رفتار قائم رکھی۔ کمپنی نے اپنے نیٹ ورک کی جدید کاری کے دوران 44 فیصد3G نیٹ ورک بند کر کے اسپیکٹرم وسائل کو4G اور VoLTE کی بہتری کے لیے استعمال کیا۔
گروپ کے ڈیجیٹل اور فنانشل سروسز پورٹ فولیو نے مضبوط مالیاتی کارکردگی دکھائی۔ یوپیسہ کی خدمات 12 لاکھ ماہانہ فعال صارفین نے استعمال کیں، جو کہ گزشتہ برس اسی سہ ماہی کے مقابلے میں تقریباً 153 فیصد سال بہ سال نمو کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ My Ufone ایپ کے ماہانہ فعال صارفین 65 فیصد اضافے کے ساتھ 54 لاکھ تک پہنچ گئے۔ یوفون نے ڈیجیٹل ریچارج کے شعبے میں بھی اپنی قائدانہ حیثیت برقرار رکھی۔
پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان ڈیجیٹل ایوارڈز اور ایفی پاکستان کے بعد ''ڈریگنز آف پاکستان 2025'' میں چار ایوارڈز جیت کر اہم کامیابی اپنے نام کی۔ ان ایوارڈز میں گروپ کے سماجی خدمت کے پلیٹ فارم،''دل سے'' کے تحت تھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے لیے گولڈ ایوارڈ، ''ڈیٹا بہت ہے اور پی ایس ایل'' کے لیے برونز ایوارڈ، اور ''ہاکی ہے پاکستان کی شان'' اور ''ڈیٹا بہت ہے ویکلی گرانڈ آفر'' کے لیے دو بلیک ایوارڈ شامل ہیں۔ ان مہمات نے خالص پاکستانی جذبے، تخلیقی مہارتوں، اور ملک بھر میں ناظرین سے جوڑنے والے بامقصد ابلاغ کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کیا ۔ ان میں سے ہر منصوبہ اُس جذبے اور مقصد کی عکاسی کرتا ہے جو پی ٹی سی ایل گروپ کے اقدامات کی سمت متعین کرتے ہیں۔
سماجی خدمات: ''دل سے'' اقدامات کے ذریعے مثبت تبدیلی کا فروغ
اپنے فلیگ شپ سماجی پلیٹ فارم، ''دل سے'' کے تحت پی ٹی سی ایل گروپ ملک بھر میں سماجی و معاشی شمولیت، خودمختاری، اور کنیکٹیویٹی کے فروغ کے لیے شراکت داریوں اور فلاحی پروگرامز کے ذریعے حقیقی تبدیلی لا رہا ہے۔
''بااختیار'' پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیابی کے بعد پی ٹی سی ایل گروپ نے پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ (پی پی اے ایف) کے ساتھ شراکت کو توسیع دے کرپروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا، جس کا مقصد کاروباری خواتین کی معاشی و ڈیجیٹل شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ اس ضمن میں رجسٹریشن مہم کا آغاز کیا جا چکا ہے، جو ابتدائی طور پر راولپنڈی کی مسیحی اور چترال کی کالاش کمیونٹی سے شروع ہو کر ملک کے 23 شہروں تک پہنچے گی۔
مزید برآں، پی ٹی سی ایل گروپ اور پی پی اے ایف نے تھر اور جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے نیا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت ریورس اوسموسس پلانٹس، بارش کے پانی کے ذخیرہ نظام، اور ہینڈ پمپس لگائے جائیں گے، جن سے دو لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔
مزید برآں، پی ٹی سی ایل گروپ نے ملک کے متعدد علاقوں میں آنے والے حالیہ تباہ کن سیلابوں کے دوران آپریشنز کے استحکام اور مضبوطی کا شاندار مظاہرہ کیا۔ یوفون 4G نے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں لوگوں کو اپنے اہل خانہ اور ایمرجنسی سروسز سے رابطے میں مدد دینے کے لیے مفت کال منٹس فراہم کیے، جبکہ پی ٹی سی ایل نے متاثرہ صارفین کے لیے فکسڈ براڈبینڈ سروسز پر بل میں رعایت دی۔ یہ اقدامات کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے گروپ کے عزم اور بحران کے دوران ایک قابلِ اعتماد کنیکٹیویٹی پارٹنر کے طور پر اس کے کردار کی عکاسی کرتے ہیں۔
پی ٹی سی ایل گروپ نے ConnectHear کے اشتراک سے ''سُنو'' نامی ایک مصنوعی ذہانت پر مبنی پیشگی آگاہی نظام بھی متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد ہنگامی حالات اور قدرتی آفات کے دوران سماعت سے محروم افراد کی مدد کرنا ہے۔ یہ نظام یوفون کے واٹس ایپ پلیٹ فارم کے ذریعے اشارتی زبان میں بالکل مفت ویڈیو الرٹس فراہم کرتا ہے، تاکہ بروقت اور قابلِ رسائی رابطہ ممکن ہو سکے۔ یہ اقدام ٹیکنالوجی کے ذریعے پسماندہ طبقات کی سماجی شمولیت بڑھانے اور عوامی تحفظ کے فروغ کے لیے پی ٹی سی ایل گروپ کی مسلسل کاوشوں کا اظہار ہے۔