کراچی: چاہے آپ میوزک کے شوقین نہ ہوں، لیکن آپ نے 'کہانی سنو 2.0 ' یا 'کانا یاری 'کسی نہ کسی شارٹ ویڈیو یا پھر کسی دوست کی اسپاٹیفائی (Spotify) کی پلے لسٹ سے لازمی سنا ہوگا۔ حقیقت یہ ہے کہ 'کہانی سنو 2.0 ' اسپاٹیفائی کے ویکلی چارٹس پر مسلسل پہلی اور دوسری پوزیشن پر براجمان ہے جسے ایک کروڑ 90 لاکھ سے زائد بار سنا جاچکا ہے اور یہ تعداد بڑھتی جارہی ہے۔
ڈرامہ 'مجھے پیار ہوا تھا' کے روح پرور گیت کے ساتھ ساتھ کیفی کا 'کہانی سنو 2.0 'کا تخلیقی شاہکار اسپاٹیفائی کے ڈیلی وائرل سانگز میں سب سے پہلے نمبر پر موجود ہے۔ اس گیت نے ریلیز ہونے کے محض سات روز بعد ہی چارٹس پر اپنی جگہ بنالی۔ ایک آرٹسٹ کے طور پر کیفی خلیل نے گزشتہ ایک ماہ میں اسپاٹیفائی پر اسکی اسٹریمز میں 97 فیصد اضافہ ملاحظہ کیا ہے۔ کیفی کی مقبولیت دیکھتے ہی دیکھتے ہر طرف پھیل گئی ہے اور ہر عمر اور ملک میں انہیں پسند کیا جارہا ہے۔
اسپاٹیفائی پر بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش، برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا میں سب سے زیادہ سنے جانے والے کیفی خلیل اصل میں کراچی کے علاقے لیاری سے ابھرنے والے گلوکار ہیں۔ انہوں نے اسپاٹیفائی کی بھرپور رسائی کی بدولت دنیا بھر میں اپنی پہچان بنالی ہے۔ کیفی ایک شاندار مثال ہیں کہ کس طرح سے ایک آڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے ذریعے کراچی کے نوجوان لڑکے کی آواز کو دنیا بھر میں سنا گیا۔
کیفی ہر گیت میں پرسوز، نرم اور خوبصورت آواز کے ساتھ سامنے آتے ہیں۔ جب 'کانا یاری ' گیت پہلی بار سامنے آیا تو دیگر گیتوں کے مقابلے میں اسکا ذرا الگ امتزاج تھا جس کی وجہ سے اس نے تیزی سے مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنا لئے اور یہ گیت اسپاٹیفائی پر ایک چارٹ کے بعد دوسرے چارٹ پر اپنی جگہ بناتا رہا، یہاں تک کہ رواں سال اسپاٹیفائی کی خصوصی مہم (Wrapped) کی درجہ بندی میں اس نے اولین پانچ گیتوں میں اپنی جگہ بنالی۔
کیفی خلیل دنیا بھر میں لوگوں کے دلوں کو مسخر کرنے والے ایک متاثرکن موسیقار بن چکے ہیں۔ اس نوجوان گلوکار کی مقبولیت کا عالم یہ ہے کہ وہ جس مقام پر پرفارم کرتے ہیں، انہیں نمایاں انداز سے سراہا جاتا ہے۔ یہ مقبولیت صرف پاکستان تک محدود نہیں، بلکہ پڑوسی ملک بھارت بھر میں یہ گیت تیزی سے مقبول ہورہا ہے جبکہ رواں ہفتے بنگلہ دیش میں بھی اسے بہت زیادہ سنا جارہا ہے۔
کیفی خلیل ان ابھرنے والے گلوکاروں میں شامل ہیں جو اسپاٹیفائی فار آرٹسٹس پروگرام کا حصہ بنے ہیں۔ یہ تخلیقی انداز سے بنایا گیا پلیٹ فارم ہے جو موسیقاروں کو اپنی ریلیز سے متعلق تازہ معلومات اور اعداد و شمار کی بہتر رسائی فراہم کرتا ہے۔ یہ سہولت دونوں طرح یعنی آرٹسٹس اور انکے گیتوں کیلئے میسر ہے تاکہ دنیا بھر میں انکی وسیع آڈینس تک رسائی ہوسکے۔
کیفی خلیل جیسے گلوکار آج اسپاٹیفائی کی بدولت کامیابی کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ میوزک اسٹریمنگ سروس، اسپاٹیفائی نے چارٹس، فریش فائنڈز،ریڈار اور ایکول پاکستان کے ذریعے مقامی آرٹسٹس کے لئے وسیع مواقع فراہم کردیئے ہیں۔ اسپاٹیفائی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو پاکستانی گلوکاروں کو ایک بالکل نئے انداز سے متعارف کرکے شہرت کی نئی بلندی پر پہنچا رہا ہے تاکہ انہیں اپنی حقیقی صلاحیتوں کا ادراک ہو۔ یہ ملک اور میوزک انڈسٹری کے لئے گیم چینجر ہے جس سے آرٹسٹس اور آڈینس دونوں بھرپور فائدہ اٹھا سکیں گے۔
کوئی تبصرے نہیں:
Write تبصرے