بدھ، 25 فروری، 2026

میگا موٹر کمپنی کا پاکستان کے پہلے بڑے NEV پلانٹ کی تعمیر کیلئے برٹش انٹریشنل انویسٹمنٹ سے فنانسنگ کا معاہدہ


کراچی ; پاکستان میں BYD کی آفیشل پارٹنر، میگا موٹر کمپنی (ایم ایم سی) نے برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (بی آئی آئی) کے ساتھ فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ بی آئی آئی برطانیہ کا ترقیاتی مالیاتی ادارہ اور امپیکٹ انویسٹر ہے، اور اس معاہدے کا مقصد پاکستان میں نیو انرجی گاڑیوں (NEV) کی خصوصی طور پر تیاری سے متعلق پہلے بڑے مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام میں تعاون فراہم کرنا ہے۔

اس معاہدے کے تحت بی آئی آئی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی میں فنانسنگ فراہم کرے گا، جو اس منصوبے کی مجموعی لاگت کی 25 فیصد فناسنگ ہو گی۔ یہ سرمایہ کاری ایم ایم سی کے جدید اور خصوصی طور پر تیار کردہ NEV مینوفیکچرنگ پلانٹ میں کی جائے گی۔ اس پلانٹ کی باقاعدہ پیداوار رواں سال کی دوسری ششماہی میں شروع ہونے کا منصوبہ ہے۔ اس پلانٹ میں جدید آٹو میشن ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کے مینوفیکچرنگ سسٹمز نصب کئے جائیں گے جو عالمی آٹو موٹیو معیارات میں سب سے نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

یہ معاہدہ پاکستان کی آٹو موٹیو مینوفیکچرنگ شعبے میں گرین انرجی سے منسلک اولین مالی معاونت میں شامل ہے، اور توقع ہے کہ اس سے صاف اور کم خرچ ٹرانسپورٹ کی رسائی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کے مطابق پاکستان اس وقت فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے بدترین ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ ملک میں گرین ہاؤس گیسز کے مجموعی اخراج کا 43 فیصد سے زائد حصہ صرف ٹرانسپورٹ کے شعبے سے آتا ہے۔ ماہرین کی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اگر ملک میں محض 30 فیصد گاڑیاں نیو انرجی گاڑیوں (NEVs)پر منتقل ہو جائیں تو ان گیسز کے مجموعی اخراج میں تقریباً 20 فیصد تک کمی ممکن ہے۔ کلین موبیلٹی نہ صرف کاربن کے اخراج میں کمی لانے کا تیزرفتار اور مؤثر ذریعہ ہے بلکہ اس سے تیل کی درآمدات کم کرنے اور مقامی گرین انڈسٹری کو فروغ دینے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔




اس منصوبے سے 1100 سے زائد نئی ملازمتوں کی توقع ہے، جبکہ پائیدار صنعتی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔ اندازہ ہے کہ 2034 تک تقریباً 165000 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج سے بچاؤ ممکن ہوگا۔

میگا موٹر کمپنی کے سی ای او، علی خان نے کہا، ''یہ اشتراک پاکستان میں ہماری طویل المدتی حکمتِ عملی کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ NEVs کے فروغ کے لئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے، اس سے لوگوں کی گاڑیوں تک رسائی بہتر ہوگی، سپلائی چین مضبوط ہوگی اور حکومتِ پاکستان کے NEVs اور  توانائی کے ذرائع کی منتقلی سے متعلق اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔''

میگا موٹر کمپنی (ایم ایم سی)کے سی ای او، علی خان نے کہا، "پاکستان اس وقت ایک نہایت اہم موڑ پر کھڑا ہے، جہاں کلین موبیلٹی ملک کے طویل المدتی معاشی اور توانائی اہداف کے حصول کے لیے ناگزیر ہو چکی ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ایم ایم سی اس تبدیلی میں قائدانہ کردار ادا کر رہی ہے اور ملک میں عالمی مسابقتی معیار کے مطابق نیو انرجی گاڑیوں کے نظام کی بنیاد رکھ رہی ہے۔یہ گرین فیلڈ سرمایہ کاری نہ صرف نیو انرجی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کو تیز کرے گی بلکہ مضبوط ویلیو چین کی تعمیر کے ذریعے پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت کے مستقبل کو بھی نئی سمت دے گی، اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، علم اور ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہوگی اور طویل عرصے کے لیے صنعتی صلاحیت مستحکم ہوگی۔"

برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور فنانشل سروسز گروپ، برائے انڈسٹریز، ٹیکنالوجی اینڈ سروسز کے سربراہ، اسٹیفن پرسٹلی نے کہا، ''اس سرمایہ کاری کا مقصد مستحکم صنعتی تبدیلی اور ماحولیاتی اقدامات کی ترجیحی طور پر حمایت کرنا ہے۔ اس کے ذریعے بڑھتے ہوئے گرین سیکٹر میں نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پاکستان کے ابھرتے ہوئے صارف ٹرانسپورٹ کے نظام کو بھی تقویت ملے گی۔''

اسی دوران، میگا موٹر کمپنی برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ کے تعاون سے ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ESG) کا پائیدار ضابطہ بھی نافذ کر رہی ہے۔ اس میں بہتر لیبر اسٹینڈرڈز، پیشہ ورانہ صحت و تحفظ کے انتظامات، اسٹیک ہولڈرز سے مؤثر رابطہ اور ذمہ دارانہ سپلائی چین کے سسٹمز شامل ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:
Write تبصرے

مشہور اشاعتیں

گوگل اشتہار

تازہ ترین خبریں